رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ پر فرد جرم عائد

864

رمضان شوگر ملز کیس میں احتساب عدالت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کردی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت ہوئی جس میں شہباز شریف، ان کے وکیل اور حمزہ شہباز اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

ابتدائی سماعت پر شہباز شریف کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ صدر مملکت نے آج پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کر رکھا ہے، شہباز شریف نے اس غرض سے اسلام آباد جانا ہے، ان کو اجازت دی جائے۔

احتساب عدالت کے فاضل جج نے کہا کہ شہباز شریف پر آج فرد جرم عائد ہونی ہے، وہ ادھر رہیں۔ جس پر شہباز شریف نے کہا کہ عدالت کا حکم ماننے کو تیار ہوں، مجھے اسلام آباد جانا ہے، مجھے کمر کی تکلیف ہے زیادہ دیر کھڑا نہیں رہ سکتا۔

عدالت نے کہا کہ آپ کے وکیل کو فرد جرم پر اعتراض ہے، ان کے دلائل سن لیں۔ جس پر شہباز شریف کے وکیل نے کہا کہ رمضان شوگر ملز کیس میں فرد جرم عائد نہ کی جائے۔

فاضل جج نے کہا کہ آپ کے پاس تمام قانونی حقوق ہیں، آپ استعمال کرسکتے ہیں۔ جس پر وکیل نے کہا کہ مجھے فرد جرم کی گراؤنڈز نہیں دی گئیں، فرد جرم کی گراؤنڈز دیکھ کر قانون کے مطابق اپنا حق استعمال کرتا۔ وکیل نے مزید کہا کہ گندا نالہ مقامی ایم پی اے نے تعمیر کرایا، گندے نالے کی قانون کے مطابق منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر عدالت عالیہ کا حکم نامہ موجود ہے۔

وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ نے حکم نامے میں کہا کہ شہباز شریف نے نالے کی منظوری نہیں دی۔

فاضل جج نے کہا کہ ریفرنس میں فرد جرم کے لیے کیس آج رکھا ہوا ہے، آج 10 گھنٹے آپ دلائل دیں، عدالت سنے گی، فرد جرم عائد ہونے کے بعد بھی آپ دلائل دے سکتے ہیں۔ جس پر وکیل نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ میں آج تیاری کر کے نہیں آیا، مہلت دی جائے۔

فاضل جج نے کہا کہ فرد جرم عائد کرتا ہوں، آپ دلائل بعد میں دیتے رہیں۔ جج نے کہا کہ یہ کیس بڑی دیر بعد فرد جرم کے لیے فکس ہوا ہے، آپ 10 گھنٹے بھی بحث کریں گے تو میں سننے کے لیے تیار ہوں۔

کمرہ عدالت میں موجود نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ قانون کے مطابق ملزمان پر آج فرد جرم عائد ہونی چاہیے۔

احتساب عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 27 اگست تک ملتوی کردی۔