شہباز ، حمزہ آج طلب۔ نواز شریف کے وارنٹ ،میر شکیل کے ریمانڈ میں توسیع

123

لاہور (نمائندہ جسارت) احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ ن کے صدر و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو فرد جرم عاید کرنے کے لیے آج بروز جمعرات طلب کر لیاہے۔احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے شہباز شریف کو طلبی کا تحریر ی حکم جاری کیا ہے۔ جس میں شہباز شریف کو بہر صورت پیش ہونے کا حکم دیاگیا ہے۔ علاوہ ازیںاحتساب عدالت نے غیرقانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں گرفتار میر شکیل الرحمن کے خلاف ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے پیش نہ ہونے پر قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالت نے ملزم میر شکیل الرحمن کے جوڈیشل ریمانڈ میں 20 اگست تک توسیع کر دی۔ احتساب عدالت کے جج اسد علی نے ملزم میر شکیل کے خلاف دائر ریفرنس کی سماعت کی۔ بدھ کو سماعت پرملزم میر شکیل کو کورونا ایس او پیز کے تحت عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ پراسیکیوٹر نیب حارث قریشی نے عدالت کو بتایا کہ کورونا کی وجہ سے ملزم میر شکیل الرحمن کو پیش نہیں کیا گیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ملزم شکیل الرحمن کو پیش کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نواز شریف نے میر شکیل کو نوازنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی‘ نواز شریف نے باد شاہی طرز حکمرانی سے قانون کی دھجیاں اڑا دیں‘ نواز شریف نے سڑکیں اور گلیاں تک میر شکیل الرحمن کو سونپ دیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 20 اگست تک ملتوی کردی۔