پنجاب پولیس نے بھی ایگزیکٹو الائونس منظور کروالیا

142

لاہور(نمائندہ جسارت)بیوروکریسی کے بعد پنجاب پولیس نے بھی ایگزیکٹو الائونس منظور کروالیا۔ کابینہ کمیٹی برائے خزانہ نے افسران کی تنخواہوں میں پولیس ایڈمنسٹریٹر الائونس اور فکس ڈیلی الائونس بڑھانے کی منظوری دیدی۔پنجاب پولیس میں گریڈ 17کے پولیس افسر کی تنخواہ میں 70 ہزار ،گریڈ 18کی تنخواہ میں 86ہزار ،گریڈ 19کے افسر کی تنخواہ میں 1لاکھ 15 ہزار ،گریڈ20کے افسر کی تنخواہ میں 1لاکھ 29ہزار ، گریڈ 21کے پولیس افسر کی تنخواہ میں 1لاکھ 44ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔سی پی او کی240پوسٹوں پر 1.2 فیصد جبکہ پولیس کی 996فیلڈ پوسٹ پر 0.8پی اے الائونس بنیادی تنخواہ کیساتھ ملے گا ۔جبکہ پولیس افسران اور ملازمین کی تنخواہوں میں 20فیصد فکس ڈیلی الائونس بڑھانے کی بھی منظوری دی گئی ہے ۔ فیلڈ میں کام کرنے والے گریڈ 17کے پولیس افسر کو 49ہزار ،18کے پولیس افسرکو60 ہزار ،گریڈ19 کے افسر کو 79 ہزار ،گریڈ 20کے افسر کو 88 ہزار گریڈ 21کے پولیس افسر کو 99ہزارروپے کا الائونس تنخواہ کیساتھ ملے گا۔