جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے زیر اہتمام بھارت کیخلاف مظاہرے

307

مظفرآباد (صباح نیوز) 5 اگست 2019ء کو بھارت کے زیرا نتظام مقبوضہ کشمیر میں دفعہ 370 کی منسوخی اور ریاستی حیثیت کو تبدیل کرنے کے خلاف جماعت اسلامی آزادکشمیر کے زیر اہتمام بھارت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کیے گئے‘ریلیاں، تقریبات، سفارتی مہم کے بجائے بھارت کے خلاف جہاد کا مطالبہ کیا گیا‘ دارالحکومت مظفرآباد میں بینک روڈ پر ایک بڑی تقریب منعقد کی گئی اور ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی‘ بھارت کے خلاف فضا نعروں سے گونجتی رہی‘ شرکا نے پلے کارڈز، بینرز اور جھنڈے اُٹھا رکھے تھے۔ امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر ڈاکٹر خالد محمود، نائب امیر جماعت اسلامی شیخ عقیل الرحمن ایڈووکیٹ، امیرجماعت اسلامی آزادکشمیر ضلع مظفرآباد و نامزد امیدوار اسمبلی سید ارشد حسین بخاری، قاضی شاہد حمد، خالد محمود زیدی، ڈاکٹر ریاض، سید عبدالصمد، لطیف عباسی، شیخ منظور، عبداظاہر، پی ٹی بشیر، خواجہ اعجاز سمیت دیگر امرا حلقہ جات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال کے بعد پاکستان نے کشمیر کے نقشے کو پاکستان میں شامل کیا جو کہ ایک بہت بڑی کمزوری کی علامت ہے‘ پاکستان کی شہ رگ کو کٹے ہوئے ایک سال ہوگیا لیکن پاکستان کی جانب سے کوئی عملی ٹھوس قدم نہیں اُٹھایا گیا‘ محض سیاسی، سفارتی بیانات، مذمت اور ایک منٹ کی خاموشی سے بڑھ کر پاکستان کوئی کردار ادا نہ کر سکا جس سے کشمیر ی قوم مایوس ہوئی‘ بھارت کے ساتھ ہر قسم کی تجارت بند ہونی چاہیے‘ تمام تعلقات ختم کرنے کا اعلان کیا جائے‘ کشمیر کو آزادکرانے کے لیے جہاد کی ضرورت ہے‘ اگر وزیرا عظم پاکستان عمران خان کو کشمیر سے کوئی دلچسپی ہے تو آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کو حکم دیں کہ وہ فوج کو مقبوضہ کشمیر روانہ کریں۔