سراج الحق کا پاکستان کی فضائی حدود کو بھارت کیلئے بند کرنے کا مطالبہ

635

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر حل نہ کیا تو کسی بھی وقت ایٹمی جنگ ہوسکتی ہے۔

یومِ استحصال کشمیر کے حوالے سے سینیٹ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کشمیر کے چاروں اطراف 4 ایٹمی قوتیں موجود ہیں، پاکستان کی بقا کا واحد راستہ یہ ہے کہ ہم کشمیر کا ساتھ دیں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کے نئے سیاسی نقشے پر خوش آمدید لیکن یہ نقشہ ہمارے دلوں میں ہے، 72 سالوں میں کشمیریوں نے جو جدوجہد کی اس کی مثال نہیں ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے اعلان کیا ہے ہم پاکستان کا پانی بند کریں گے، کشمیر ہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔

سراج الحق نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی فضائی حدود کو بھارت کے لیے فوری بند کیا جائے اور آزاد کشمیر کی پارلیمنٹ میں مقبوضہ کشمیر کے رہنماؤں کو شامل کیا جائے۔