اسرائیلی فوج نے 200 ایکڑ فلسطینی زمین ضبط کرلی

407

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) قابض اسرائیلی فوجیوں نے مغربی کنارے کے ضلع بیت لحم میں کیسان گاؤں میں 200 ایکڑ سے زیادہ فلسطینی زمین ضبط کر لی۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق کیسان دیہی کونسل کے سربراہ احمد غزال نے کہا کہ قابض صہیونی فوجیوں نے بڑی تعداد میں اچانک گاؤں پر ہلہ بولا اور 200 ایکڑ نجی زمین کا گھیراؤ کر کے اس کے گرد خاردار تار لگادی۔صہیونی فوجیوں نے فلسطینی شہریوں کو علاقے میں آنے پر تنبیہ کی اور کہا کہ اس زمین کو فوجی مقصد کے لیے ضبط کرلیا گیا ہے۔ دریں اثنا قابض اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی شہری حسین عبیات کو اپنی زرعی املاک مسمار کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا، جس کے مطابق اسے اپنی جائداد خالی کرنے کے لیے صرف 24 گھنٹوں کا وقت دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں صہیونی حکام نے مقبوضہ بیت المقدس کے جنوب میں سلوان قصبے میں 2 فلسطینی خاندانوں کو اپنے مکانات مسمارکرنے کا حکم نامہ جاری کیا۔ مقامی ذرائع کیم طابق صہیونی حکام نے سلوان قصبے میں القاق اور ابو صبیح خاندان کو اپنے 3 مکانات مسمار کرنے کا حکم دیا۔ اُدھر فلسطینی اسیران سوسائٹی نے بتایا ہے کہ فلسطینی قیدی خلیل ابو عرام نے عسقلان جیل میں بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔ اس سے قبل اسرائیلی جیل حکام کی جانب سے ابو عرام کو اپنے بیٹے احمد سے ملاقات میں جان بوجھ کر تاخیر کی گئی تھی، جس کے ردعمل میں انہوں نے بھوک ہڑتال شروع کردی ہے۔ابو عرام اپنی سزا کے دوران کئی کتابیں لکھ چکے ہیں۔