ملک بھر میں آج یوم شہداء پولیس منایا جارہا ہے

704

کراچی: ملک بھرمیں شہدا پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج یوم شہدا پولیس منایا جارہا ہے، کراچی پولیس نے یوم شہدا کے موقع پر ترانہ بھی جاری کردیا ہے۔

یوم شہدا پولیس کی مرکزی تقریب گارڈن ہیڈ کوارٹر میں ہوگی، تقریب میں پولیس کے اعلیٰ افسران سمیت شہدا کے اہلخانہ شرکت کریں گے۔

ترجمان پولیس کے مطابق پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف اضلاع میں خون عطیہ کرنے کے لئے کیمپ لگائے جائیں گے، پولیس چیف غلام نبی میمن بھی خون کا عطیہ دیں گے۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کی روشنیاں پولیس جوانوں کی شہادت کا ثمر ہیں، پولیس فورس نے شہادتوں کی لازوال تاریخ رقم کی ہے۔

کراچی پولیس کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر شہدا کے بینر وتصاویر آویزاں کیے گئے ہیں، کراچی سمیت دیگر شہروں میں شہدا پولیس کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یاد گار بھی بنائی گئی ہے جبکہ دیگر صوبائی دارلحکومتوں میں بھی پولیس ہیڈکواٹرز میں شہدا پولیس کے حوالے سے تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔