شام میں تشدد کی نئی لہر‘ 21 افراد مارے گئے

223
ادلب: بنش نامی قصبے پر روسی طیاروں کی بم باری کے بعد شعلے اور دھواں اٹھ رہا ہے

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام میں روسی طیاروں کی بم باری اور ملیشیاؤں کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 21افراد ہلاک ہوگئے۔ خبررساں اداروںکے مطابق جنگی طیاروںنے ادلب کے رہایشی علاقے بنش اور اس کے نواح میں بم باری کرتے ہوئے 10میزائل گرائے، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 3افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔ واضح رہے کہ ادلب میں خانہ جنگی کے باعث وہاں کے شہری نقل مکانی میں مصروف ہیں اور ان علاقوں کو کشیدگی سے پاک علاقے قرار دے کر وہاں کسی بھی قسم کی جارحیت کی ممانعت ہے۔ ان حالات میں وہاں کے شہریوں پر وحشیانہ بم باری ماسکو حکومت کی سنگ دلی کا واضح ثبوت ہے۔ دوسری جانب شام کے شمال مغربی علاقوں میں مزاحمت کاروں اور اسدی حکومت کی حامی ملیشیاؤں کے درمیان جھڑپوں میں 18افراد ہلاک ہوگئے۔ شامی مبصر برائے انسانی حقوق کے مطابق مسلح تصادم کے دوران حکومت کی حامی ملیشیاؤں کے 12جنگجو ہلاک اور 17زخمی ہوئے۔ ادھر شامی اپوزیشن ملیشیا کے 6 مزاحمت کارلڑائی میں مارے گئے، جن میں سے 4کا تعلق تحریر الشام سے تھا اور 2دیگر تنظیموں سے وابستہ تھے۔