اجتماعی قربانی اور کھالوں میں اضافہ عوامی اعتماد کا مظہر ہے ، مولانا عبدالحق

189

 

کوئٹہ (این این آئی) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی، الخدمت فائونڈیشن کوئٹہ کے صدر ڈاکٹرنعمت اللہ، امیر ضلع کوئٹہ حافظ نور علی نے کہا کہ جماعت اسلامی، الخدمت فائونڈیشن ضلع کوئٹہ نے امسال کوئٹہ میں کم آمدنی والوں سے رقم جمع کرکے سنت ابراہیمی ؑاور ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے 80 چھوٹے بڑے جانور قربان کرکے گوشت حصہ داروں تک پہنچا دیے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ اس کام میں وسعت کیساتھ مزید بہتری لائی جائے۔ قربانی کی کھالیں اور اجتماعی قربانی میں ہر سال اضافہ الخدمت، جماعت اسلامی پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ جماعت اسلامی خدمت کیساتھ اسلامی سیاست کرکے عوام کو حقیقی اسلامی ریاست بناکر دینے کی کوشش کررہی ہے۔ جماعت اسلامی ہی اس ملک میں حقیقی اسلامی عوامی انقلابی تبدیلی لاسکتی ہے، کرپشن کا خاتمہ بدعنوانی سے پاک پارٹی جماعت اسلامی کرسکتی ہے۔ حکمرانوں نے اپنی شاہ خرچیوں، فضول خرچیوں میں بدترین اضافہ کرکے عوام سے کیے ہوئے ایک وعدے پر بھی عمل نہیں کیا۔ حکومتی سطح پر سادگی اپنائی گئی نہ پروٹوکول ختم کیا، سابقہ وموجودہ حکومتوں کی لوٹ مار، اقرباء پروری، رشوت، عوام کو اذیت دینے میں کوئی فرق نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید کے دن الخدمت فائونڈیشن کے زیر اہتمام اجتماعی قربانی پراجیکٹ کے دورے کے موقع پر ذمے داران ورضاکاروں سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے حکومتیں اپنی ذمے داری احسن انداز میں ادا نہیں کررہیں اور حکومتوں کے کرنے کے کام جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کررہی ہے۔ کورونا وبا کی ریلیف سرگرمیوں میں عوامی خدمت کی اصل ہیرو جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن کے ذمے داران و رضاکار ہیں جنہوں نے خطرات میں گھر میں رہنے کے بجائے مصیبت زدہ پریشان حال عوام کی خدمت انہیں مشکل میں آسانی وامداد پہنچانے کو ترجیح دی۔ عیدکے دن بھی گھروں میں بچوں وخاندان کیساتھ خوشیاں منانے کے بجائے عوام کی خدمت وسنت ابراہیمی ؑپر عمل کرنے کو ترجیح دیتے ہوئے کم آمدنی والوں کو آسانی اور مستحقین کو گوشت پہنچانے کے لیے ملک بھر کی طرح بلوچستان بھر میں سرگرم عمل رہے تاکہ کم آمدنی والے اور مستحقین بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہوجائیں۔ بدترین مہنگائی، کورونا لاک ڈائون، حکومتی بے حسی وبدعنوانی کی وجہ سے غرباء مساکین کی مشکلات بہت بڑھ گئیں۔ غریبوں پر مہنگائی کے ڈرون حملے قابل مذمت ہیں، حکومتی ناقص اقدامات، بدعنوانی کی وجہ سے غریب کی زندگی اجیرن ہوگئی۔ کورونا وبا کے دوران جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن نے خدمت انسانیت کی روشن مثالیں قائم کی ہیں جسے ملکی و غیر ملکی سطح پر سراہا جارہا ہے۔ جماعت اسلامی کی خدمات کے سامنے تبدیلی سرکار ودیگر جماعتوں کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے۔ جماعت اسلامی کے ذمے داران والخدمت فائونڈیشن کے رضاکاروں نے ملک بھر کی طرح بلوچستان بھر میں لاک ڈائون اور پھر عید کے موقع پر بہترین خدمات سرانجام دیں۔