عدالت عظمیٰ: سانحہ اے پی ایس کیس‘ سماعت 4اگست کوہوگی

133

اسلام آباد ( آن لائن ) عدالت عظمیٰ میں سانحہ آرمی پبلک اسکول کیس کی سماعت4 اگست کو ہوگی۔ چیف جسٹس گلزار احمد اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل2 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔ اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا گیا ہے جبکہ سانحہ اے پی ایس میں انکوائری کمیشن اپنی رپورٹ عدالت عظمیٰ میں جمع کرا چکا ہے۔ خیال رہے کہ سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی جانب سے شہدا کے والدین کی درخواست سال2018ء میں کمیشن قائم کیا گیا تھا، کمیشن کی سربراہی پشاور ہائیکورٹ کے جج جسٹس محمد ابراہیم خان کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ16دسمبر2014ء کو پشاور آرمی پبلک اسکول میں دہشت گردوں نے علم کے پروانوں کے بے گناہ لہو سے نئی تاریخ رقم کی تھی۔ آرمی پبلک اسکول میں ہونے والے دردناک سانحے اور دہشت گردی کے سفاک حملے میں147 افراد شہید ہوگئے تھے، جن میں زیادہ تعداد معصوم بچوں کی تھی۔