خلائی ملبہ، انسان کی پیدا کردہ خلائی آلودگی

1042

خلائی ملبہ جسے انگریزی میں Space debris یا space junk کہتے ہیں، انسان کے ایجاد کردہ آلات اور مصنوعی سیاروں کی وہ باقیات ہے جو نظامِ شمسی کے سیاروں کے مداروں میں گردش کر رہا ہے۔

اس خلائی ملبہ کا زیادہ تر حصہ نظام شمسی کے سیارے زمین کے گرد گردش کرتا ہے۔ اس میں ہر وہ چیز شامل ہے جس کی خلاء میں ضرورت باقی نہیں رہی جیسے کوئی خراب مصنوعی سیارہ یا خلائی راکٹوں کے بعض حصے وغیرہ۔ یہ خلائی ملبہ چھوٹے بڑے حصوں پت مشتمل ہو سکتا ہے جیسے خلائی جہازوں کے پینٹ کے ٹکڑے۔

رفتہ رفتہ خلائی ملبہ ناسا جیسے خلائی تحقیق کے اداروں کی توجہ حاصل کرنے لگا ہے کیونکہ یہ خلائی ملبہ مصنوعی سیاروں اور خلائی جہازوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ خلائی ملبے کے اکثر حصے 8 کلو میٹر فی سیکنڈ (کوئی 28800 کلو میٹر فی گھنٹہ) کی خطرناک رفتار سے زمین کے گرد گردش کر رہے ہیں۔ اس رفتار میں یہ خلائی ملبہ چاہے کتنا ہی چھوٹے کیوں نہ ہوں، خلائی جہازوں اور مصنوعی سیاروں کے ڈھانچوں میں سوراخ کردینے کے لیے کافی ہیں بلکہ ان سے خلاء نوردوں کی زندگیوں کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

اس رفتار سے گردش کرنے والا ٹینس کی بال کے حجم کا کوئی جسم 25 ڈائنامائٹ کے برابر تباہی کی قدرت رکھتا ہے جبکہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ اس رفتار سے گردش کرنے والا مٹر کے دانے کے برابر کے کسی جسم کے ٹکرانے کی قوت 100 کلو میٹر (60 میل) کی رفتار سے چلنے والے 181 کلو گرام وزنی جسم کے برابر ہوسکتی ہے جو یقیناً انتہائی خطرناک ہے۔

ایک اندازے کے مطابق انسانی اختراعات کا زمین کے مدار میں 5.5 ملین کلو گرام وزنی خلائی ملبہ موجود ہے جن میں تقریباً ایک ملین جسم ایک ملی میٹر سے زیادہ جبکہ 300000 جسم ایک سینٹی میٹر سے زیادہ اور 13000 جسم ٹینس کی بال سے زیادہ بڑے ہیں.

ناسا کا خیال ہے کہ اگر خلائی ملبہ میں کمی کی ہدایات پر عمل نہیں کیا گیا تو اگلے 200 سالوں میں زمین کے نچلے مدار میں خلائی ملبہ میں 75٪ تک اضافہ ہوگا۔