مصر میں غیر مہذب مواد پھیلانے پر 5 خواتین کو سزا

498

مصر میں سوشل میڈیا پر غیر مہذب مواد شیئر کرنے والی 5 خواتین کو قید کی سزا سنا دی گئی۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مصر کی عدالت نے سوشل میڈیا پر اثرورسوخ رکھنے والی 5 خواتین کو ٹک ٹاک پر نازیبا ویڈیوز کے ذریعے سماجی اقدار کو مجروح کرنے اور عوامی اخلاقیات کے برخلاف مواد شیئر کرنے کا مرتکب قرار دے دیا۔

عدالت نے غیرمہذب مواد شیئر کرنے کا جرم ثابت ہونے پر 5 خواتین کو 2 سال قید کی سزا سنا دی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں مجرمان کو فی کس 3 لاکھ مصری پاؤنڈ جرمانہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

قید پانے والوں میں 20 سالہ قاہرہ یونیورسٹی طالبہ بھی شامل ہے جنہوں نے ٹک ٹاک ایپ پر خواتین کو مردوں سے ملاقاتیں کرنے اور ان سے باتیں کر کے دوستی کرنے پر اکسایا تھا اور ان ویڈیوز دیکھنے کے عوض انہوں نے اپنے فالوورز سے فیس بھی وصول کی تھی۔