سستے گھروں کی تعمیر میں حائل رکاوٹیں دور کردیں گے،وزیراعظم

514
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ترقی، ہائوسنگ اورتعمیرات کا اجلاس ہورہاہے

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر غریب عوام کے لیے سستے گھروں کی تعمیر کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا، صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور بینک حکام بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے وزیراعظم کو سستے گھروں کے لیے قرضوں کے معاملے پر بریفنگ دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سستے گھروں کے منصوبے میں تیزی آنے والی ہے، اس کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کریں گے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سستے گھروں کے منصوبے سے ملک میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے جبکہ پاکستان کی معیشت دوبارہ مستحکم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے، سستے گھروں کے تعمیراتی کام سے 17 صنعتیںفوری بحال ہو جائیں گی۔ دوران اجلاس وزیراعظم کو بینکوں نے ہاؤسنگ قرضوں کا پلان پیش کیا اور بتایا کہ سرمایہ کاری بڑھنے سے کاروبار کے مواقع بڑھیں گے۔ذرائع کے مطابق پاکستان آرمی کے لیے ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہمی کی منظوری دی گئی، زرعی شعبے کے لیے کھاد پر 15.7 ارب روپے سبسڈی کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر اور سرکاری محکموں کے لیے نئے سسٹم ، ای سی سی سال 2020ء کے لیے تمباکو کی کم از کم قیمت کی منظوری دے دی گئی۔ بلوچستان میں معدنیات کی ترقی کے لییوفاقی حکومت کی معاونت پر بھی غور کیا گیا۔