سوڈان کے برطرف صدر عمرالبشیر پربغاوت کا مقدمہ شروع

148

خرطوم (انٹرنیشنل ڈیسک) سوڈانی عدالت نے استغاثہ کے مطالبے پر سابق صدر عمر البشیر اور دیگر 16 افراد کے خلاف 1989ء میں منتخب حکومت کے خلاف بغاوت کرنے اور تختہ الٹنے کے الزام میں مقدمے کی کارروائی شروع کردی۔ عدالت کا 3 رکنی بنچ معزول صدر اور انکے 16 ساتھیوں کے خلاف بغاوت کے مقدمے کی سماعت کرے گا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق جرم ثابت ہونے کی صورت میں انہیں سزائے موت بھی دی جاسکتی ہے۔ یادرہے کہ سوڈانی فوج نے کئی ماہ تک جاری عوامی مظاہروں کے بعد اپریل 2019 ء میں عمرالبشیر کا تختہ پلٹ دیاتھا۔ اس کے بعد سوڈان میں ایک عبوری حکومت قائم کی گئی، جو 3 سال تک کام جاری رکھے گی اور اس کے بعد عام انتخابات کرائے جائیں گے۔