سعودی عرب اور عراق کے کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کے معاہدے

576
ریاض: سعودی عرب اور عراق کے اعلیٰ سطح حکام مذاکرات کررہے ہیں

ریاض (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب اور عراق کے درمیان توانائی اور کھیل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے کئی سمجھوتوں پر دست خط کردیے گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق عراقی وزیر خزانہ علی علاوی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد ریاض پہنچا،جہاں سعودی حکام سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اہم معاہدوں پر دست خط کیے گئے۔ وفد نے سعودی حکام کے ساتھ دوطرفہ تجارتی و سیاسی تعلقات کے فروغ کے بارے میں بات چیت بھی کی۔ دوسری جانب عراقی وزیراعظم مصطفی کاظمی نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی اچانک طبیعت ناساز ہونے کے باعث ہنگامی طور پر اپنا دورہ ریاض منسوخ کردیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مصطفی کاظمی نے ٹیلیفون پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے رابطہ کیا اور شاہ سلمان کی صحت و سلامتی اور سعودی عوام کی ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ادھر سعودی حکام کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ بغداد حکومت کے ساتھ مشاورت کے بعد وزیر اعظم کا دورہ ملتوی کرنے کا فیصلہ ہوا۔ وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ ریاض حکومت عراقی وزیر اعظم کے فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے کہ انہوں نے منصب سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے بیرونی دورے کے لیے سعودی عرب کا انتخاب کیا۔ نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے اپنے بیان میں عراق اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو واضح کیا۔ انہوں نے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بیان میں کہا کہ شاہ سلمان کے اسپتال سے فارغ ہونے کے بعد اس ان کا شایانِ شان استقبال ہوگا۔ واضح رہے کہ مصطفی کاظمی سعودی عرب کا دورہ مکمل کرنے کے بعد ایران اور پھر واشنگٹن جائیں گے۔ عراق نے رواں ماہ کے آغاز پر سعودی عرب کے سامنے ترقیاتی مواقع کے سلسلے میں ایک پیکیج پیش کیا تھا۔