ملک کو مشکلات سے نکالنا عمران خان کے بس میں نہیں، رانا ثنا اللہ

168

شیخوپورہ/ لاہور (آن لائن) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ملک کو موجودہ مشکلات سے نکالنا عمران خان اور اس کی نالائق ٹیم کے بس میں نہ ہے، میرا عمران خان کو مشورہ ہے کہ وہ عوام کی غربت اور بڑھتی ہوئی افلاس پر ترس کھائے اور فوری طور پر مستعفی ہو کر ملک میں از سر نو انتخابات کا اعلان کریں ، نواز لیگ اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلے گیاور اے پی سی کے تمام فیصلوں پر عملدرآمد ہوگا ۔تمام جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ ملک اور قوم کو کسی نئے بحران سے بچانے کے لیے نالائق حکمرانوں سے چھٹکارا پانا ضروری ہے۔ یہ بات انہوں نے عظمیٰ بخاری سے رہائش گاہ پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار نے ملک میں کرپشن کو فروغ دیا ہے میری عمران خان سے گزارش ہے کہ خدا کے واسطے نوٹس لینا بند کر دیں چینی سے لے کر پیٹرول تک جس چیز کا وہ نوٹس لیتے ہیں وہ چیز اگلے روز نایاب ہو جاتی ہے یا اس کی قیمت آسمان تک پہنچ جاتی ہے انہوں نے کہا کہ ملک موجودہ دلدل میں پھنسانے کے ذمے دار عمران خان اور اس کے دائیں بائیں بیٹھنے والے نالائق لوگ ہیں انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کا صرف ایک ہی حل ہے کہ آزاد اور منصفانہ انتخابات کروا کر حکومت عوام کے حقیقی نمائندوں کے سپرد کی جائے ۔