بیرون ملک پاکستانیوں سے ریکارڈ ترسیلات ِ زرکی وصولی

257

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جون 2020ء کے دوران کارکنوں کی ترسیلاتِ زر میں 50.7 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا اور وہ ریکارڈ بلند سطح 2,466.2 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ جون 2019ء میں 1,636.4 ملین ڈالر کی ترسیلات ِزر موصول ہوئی تھیں۔ اسی طرح مجموعی بنیاد پر مالی سال 20ء کے دوران کارکنوں کی ترسیلات زر 23,120.7 ملین ڈالر کی ریکارڈ بلند سطح پر پہنچ گئیں اور ان میں مالی سال 19ء کے دوران موصول ہونے والی 21,739.4 ملین ڈالر کی ترسیلات زر کے مقابلے میں 6.4 فیصد کا اضافہ ہوا۔ یہاں یہ ذکر بے محل نہ ہوگا کہ کارکنوں کی ترسیلات زر کی آمد میں مارچ تا جون 2020ء کے کورونا وباء کے عرصے میں 2019ء کی اسی مدت کی بہ نسبت 7.8 فیصد کا اضافہ ہوا۔جون 2020ء کے دوران سعودی عرب (619.4 ملین ڈالر)، امریکا (452.0 ملین ڈالر)، متحدہ عرب امارات (431.7 ملین ڈالر) اور برطانیہ (401.0 ملین ڈالر) سے کارکنوں کی ترسیلات زر کی زیادہ رقوم موصول ہوئیں جن سے مئی 2020ء کے مقابلے میں بالترتیب 42.0 فیصد، 7.1 فیصد، 33.5 فیصد اور 40.8 فیصد کا اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔