کراچی: مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

709

کراچی: شہر قائد میں مہنگا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف شہری انتظامیہ نے کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا ہے، اورانتظامیہ نے 76 دودھ فروشوں پر جرمانے عائد کیے ہیں۔

کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی ہدایت پر انتظامیہ نے مہنگا دودھ فروخت کرنے والے کے خلاف کارروائی کی اور ان پر جرمانے عائد کیے،انتظامیہ نے  76دودھ فروشوں پر 4 لاکھ 56 ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا۔

کمشنر کراچی کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ  ضلع جنوبی میں 13دودھ فروشوں کیخلاف کارروائی کر کے ایک لاکھ 15ہزار روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا، ضلع غربی میں 16دودھ فروشوں کو 41 ہزار 500 روپے جرمانے کے چالان دیے گئے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ضلع وسطی میں 13دودھ فروشوں پرایک لاکھ 7 ہزار روپے، ملیر میں 11 دودھ فروشوں پر 41 ہزار روپے جبکہ ضلع  شر قی میں دودھ فروشوں پر ایک لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ ریٹ سے زائد قیمت وصول کرنے والے دودھ فروشوں کے خلاف کارروائی کو جاری رکھیں اور سرکاری قیمت پر دودھ کی فروخت کو یقینی بنائیں۔