بلدیاتی ادارے ملکی تعمیر و ترقی اور شہری مسائل کے حل کیلیے ناگزیر ہیں

296

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے ملک کی تعمیر و ترقی اور شہری مسائل کے حل کیلیے ناگزیر ہیں پوری دنیا میں لوکل گورنمنٹ کے ذریعے سے شہریوں کو صاف ستھری اور محفوظ زندگی گزارنے کے موقع فراہم کیے جاتے ہیں۔ بدقسمتی سے پاکستان میں کبھی بھی بلدیاتی ادارے حکومتوں کی ترجیحی میں شامل نہیں رہے بلکہ جمہوری حکومتوں کے دور میں تو ان اداروں کو زیادہ تباہ برباد کیا گیا۔ جمہوری حکومتوں کے حکمرانوں نے ہمیشہ قومی وسائل اور اختیارات اپنی ہی مٹھی میں رکھنا چاہیے ہیں جس کی وجہ سے کبھی بھی پاکستان میں بلدیاتی اپنے وقت اور آئین و قانون کے مطابق نہیں ہو سکے۔جماعت اسلامی مقامی حکومتوں کے نظام پر نہ صرف پختہ یقین رکھتی ہے بلکہ لوکل گورمنٹ کو ہی شہری مسائل کے حل کا مؤثر ترین ذریعہ سمجھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی وسطی اور شمالی لاہور کے صوبائی و بلدیاتی امیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صدر سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ، سیکرٹری سیاسی کمیٹی و سابق یوسی ناظم عامر نثار خان، سابق ایم پی اے چودھری محمد شوکت، جے آئی یوتھ پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور شہر لاہور سے صوبائی اسمبلی کے امیدوار شاہد نوید ملک، صدر جے آئی یوتھ لاہور صہیب شریف، سابق یوسی ناطم ملک محمد منیر، طالب علم رہنما جبران بٹ اور علی عمران سمیت دیگر امیدواران قائدین نے شرکت کی۔ ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے اجلاس حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مقامی حکومتوں کی مدت پوری ہوچکی ہے اور حکومت پہلے سے ہی بلدیاتی اداروں کو ختم کرکے ایڈمنسٹریٹر مقرر کرچکی ہے۔ ہم اس بات کا مطالبہ کرتے ہیں کہ اس عارضی نظام کی فی الفور ختم کرے۔اس موقع پر ڈاکٹرذکر اللہ مجاہد نے اعلیٰ عدلیہ سے بھی مطالبہ کیاکہ اگر حکمرانوں کی نیت بلدیاتی الیکشن کروانے میں اگر ٹھیک نہیں تو اعلیٰ عدلیہ ہمیشہ کی طرح اپنا مثبت کردار ادا کرے اور لوگوں کو ان کے بنیادی اور آئینی حقوق دلوائے۔ اس موقع پر صدر سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئندہ موقع پر بلدیاتی الیکشن میں شہر لاہور کیلیے باصلاحیت، ایماندار اور جرأت مند قیادت پیش کریں گے۔