منشیات برآمد کیس ‘رانا ثنا اللہ کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور

154

لاہور(نمائندہ جسارت)لاہور کی انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت نے فریقین کے وکلا کو بحث کے لیے 22 اگست کو طلب کرلیا۔ عدالت نے رانا ثنااللہ سمیت اہلخانہ کے اکائونٹس منجمد کرنے کی درخواستوں پر کارروائی بھی ملتوی کر دی۔ ہفتے کوجج شاکر حسن کے عدالتی تعطیلات پر ہونے کے باعث اسپیشل سینٹرل جج خالد بشیر نے بطور ڈیوٹی جج کیس پر سماعت کی۔ فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ نے دائردرخواست میں موقف اپنایا کہ قومی اسمبلی کے سیشن میں شرکت کے باعث رانا ثنااللہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتے ۔ شریک ملزمان میں اکرم، عمر فاروق، عامر رستم، عثمان احمد اور سبطین خان عدالت میں پیش ہوئے۔ دوسری جانب عدالت نے رانا ثنااللہ ان کی اہلیہ نبیلہ سمیت اہلخانہ کے اکائونٹ منجمد کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت بھی 22اگست تک ملتوی کردی۔