وفاقی بجٹ آئی ایم ایف کا ہدایت نامہ ہے‘ لیاقت بلوچ

285

لاہور ( نمائندہ جسارت )نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے مزدور رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ نج کاری قومی اداروں کے لیے نہیں ملک و ملت کے لیے نقصان دہ ہے ۔ پروفیشنل بنیاد، ریفارم اور ای بلڈحکمت عملی کے ساتھ قومی اداروں اسٹیل ملز ، ریلوے ، پی آئی اے ، واپڈا ، پنشنرز کے نظام کو صحیح ٹریک پر ڈالنا حکومت کے لیے چیلنج ہے ۔ صرف نجکاری اقتصادی بحران کا حل نہیں اصل مسئلہ یہ ہے کہ حکومت بارہویں کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ہے ان کے ہاتھوں اقتصادی بحران زیادہ گھمبیر ہورہاہے ۔ قومی اداروں کے تحفظ کے لیے قومی ترجیحات اور قومی جذبہ ناگزیر ہے ۔ جماعت اسلامی مزدوروں کے لیے اسلامی فلاحی اور خوشحالی کا نظام لانے کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ ان شاء اللہ ملک گیر جدوجہد ، انقلابی اسلامی دعوتی تحریک کے ذریعے پوری قوم کو متحد اور متحرک کریں گے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ وفاقی بجٹ آئی ایم ایف کا ہدایت نامہ ہے۔ حکومت نے اکثریت ثابت نہ کرکے بھی بجٹ تو منظور کرالیا لیکن حکومتی اتحاد ابھی بھی انتشار ، بد اعتمادی اور دبائو میں ہے ۔ عمران خان حکومتی پرفارمنس ٹھیک نہیں کریں گے تو بڑھتا اور پھیلتا بحران اقتدار لیوا ثابت ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی سیاست ریاستی طاقت سے مخالفین اور میڈیا کو زیر کرسکتی ہے لیکن اس کے نتائج ہمیشہ بڑے تباہ کن ہوتے ہیں ۔ میدان میں کوچ ، سلیکٹرز،مینجرز کچھ نہیں کر سکتے ۔ وکٹ بچانا ، وکٹ پر کھڑا ہونا ، کارکردگی دکھانا پلیئر کاکام ہوتاہے لیکن عمران خان بائولر میں وکٹ بچانا ان کے بس کا روگ نہیں ۔ ایمپائر غلط فیصلوں سے زیادہ دیر حکومتی وکٹ محفوظ نہیں رکھ سکتے کسی وقت بھی ایمپائر آئوٹ قرار دے سکتے ہیں ۔