کراچی کو سراج تیلی کے حوالے کیا جائے‘ عبدالرزاق اگر

111

کراچی( اسٹاف رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی ) میں لاء اینڈ آرڈر کمیٹی کے کنوینر اور بزنس مین گروپ کے رہنماء عبدالرزاق اگر نے کہاہے کہ کراچی کو سراج قاسم تیلی کے حوالے کیا جائے جس طرح انہوں نے کراچی چیمبر کو مثالی چیمبر بنایا ہے وہ اس شہر کو دنیا کا مثالی شہر بناکر دکھا سکتے ہیں یا اس طرح کے اچھے لوگوں کو دیا جائے جو کراچی کے درد کو سمجھتے ہیں ،کراچی کی کاروباری برادری ملکی تاریخ کے سب سے برے حالات سے دوچار ہے۔گزشتہ روز میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے عبدالرزاق اگر نے کہا کہ کراچی کی کاروبار ی برادری ملکی تاریخ کے سب سے برے حالات سے دوچار ہے ،کبھی کورونا کے نام پر کاروباری سرگرمیاں بند کردی جاتی ہیں ،کبھی محدود وقت کے لیے کھول دی جاتی ہیں ، تاجروں کے ہزاروں کنٹینر پورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں ، شپنگ کمپنیاں من مانی کر رہی ہیںاور کوئی انہیں روکنے والا نہیں ہے ، کبھی ملک میں آٹے اور چینی کا بحران پیداکر دیا جاتا ہے تو کبھی راتوں رات پیٹرول کے نرخ 25 روپے فی لیٹر بڑھا دیے جاتے ہیں جبکہ بجلی کے ٹیرف میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے ۔
عبدالرزاق اگر نے کہا کہ کراچی ملک کا تجارتی حب ہے اور پورے ملک کو یہ ایک شہر چلاتا ہے لیکن اس شہر کے تاجر وں کی بات سننے والا کوئی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کراچی تاجروں کی مرضی اور مشاوت سے چلنا چاہیے کیونکہ اس شہر سے کروڑں کا روزگار وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو سراج قاسم تیلی کے حوالے کیا جائے جس طرح انہوں نے کراچی چیمبر کو مثالی چیمبر بنایا ہے وہ اس شہر کو دنیا کا مثالی شہر بناکر دکھا سکتے ہیں یا اس طرح کے اچھے لوگوں کو دیا جائے جو کراچی کے درد کو سمجھتے ہیں ۔