حکمران عوام کے خیر خواہ نہیں‘ ان کے نزدیک جھوٹ بولنا یوٹرن ہے‘ سراج الحق

591
ملتان، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق جھوک وینس میں ملک سجاد کی جانب سے دیے گئے استقبالیہ سے خطاب کررہے ہیں

لاہور( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آج ورلڈ بینک کے سروے کے مطابق جنوبی پنجاب میں سب سے زیادہ غربت ہے۔ وڈیر ے اور جاگیردار جواقتدار پر مسلط ہیں،ا نگریزوں کے گھوڑے نہلاتے اور بوٹ پالش کرتے تھے ‘ یہ صبح و شام جھوٹ بولتے ہیں ،ان کے نزدیک جھوٹ بولنا یو ٹرن ہے۔ جنوبی پنجاب کے لوگوںکو بتانا چاہتاہوں کہ یہ لوگ جو آپ سے ووٹ اور سپورٹ لیتے ہیں آپ کے خیر خواہ نہیں‘ ملک میں صحت تعلیم اورمعیشت کا نظام بری طرح تباہ ہے یہ پی ٹی آئی کا پاکستان ہے۔ آج 22 ماہ بعد پتا چلا کہ آئی جی کو 5 بار تبدیل کیا گیا،چیئرمین ایف بی آر کو 5 بار تبدیل کیا گیا سیکرٹریز کو بار بار تبدیل کیا جارہا ہے۔ انصاف کے سب دروازے بند ہیں ایک مقتول کی لاش کو سڑک پر رکھنا پڑتاہے جس کے بعد انصاف ملتا ہے ۔ انصاف کا دروازہ سونے کی چابی سے کھلتا۔ یہ ہے وہ تبدیلی ، جسے پی ٹی آئی تبدیلی کہتی ہے۔یہ اولیاء کی سرزمین ہے یہ جائز نہیں کہ یہاں جعلی لوگوں اور جھوٹوں کااقتدار ہو۔ہمیں موقع ملا تو ہم اس ملک میں سود کی جگہ زکواۃ اور عشر کا نظام قائم کریں گے۔ اور غریب و امیر یکساں نظرآتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں سینئر نائب صدر پی ٹی آئی تحصیل ملتان ملک سجاد وینس کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے نائب امیر و سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم ،ضلعی امیر صفدر ہاشمی اور ملک سجاد وینس نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر ملک سجاد وینس نے تحریک انصاف سے مستعفی ہوکر اپنے قبیلے اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے ملک سجاد وینس کو جماعت اسلامی میں خوش آمدیدکہتے ہوئے کہا کہ آج تک آنے والی ہر حکومت نے جنوبی پنجاب کے لوگوں کے ساتھ کئے گئے کسی ایک وعدے کو پورا نہیں کیا۔جنوبی پنجاب میں غربت و افلاس ،بے روز گاری ہے ۔خطے کی ترقی کیلئے انگریز کے غلاموں سے چھٹکاراحاصل کرنا بہت ضروری ہے ۔نو آبادیاتی نظام کے آلہ کار آج بھی جاگیر دار اور سرمایہ داروں کی شکل میں پاکستان پر مسلط ہیں ۔اگر جنوبی پنجاب کے عوام اپنے علاقہ کی ترقی چاہتے ہیں تو انہیں اس جاگیردارانہ اور سرمایہ دارانہ ذہنیت کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا ہوگا۔ جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے جو جاگیر داری نظام کے خاتمہ اور عوام کو تعلیم صحت ،روز گار اور انصاف کی فراہمی کیلئے جدوجہد کررہی ہے ۔انہوںنے کہا کہ ملک سجاد احمد وینس نے بہت سوچ کر شعوری طور پر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا میں انہیں خوش آمدید کہتا ہوں۔ پاکستان کو ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانا ،ایک ایسا ملک جہاں بندوں کی غلامی نہیں بلکہ اللہ کی غلامی ہو، جہاں مظلوم اور غریب انصاف سے محروم نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں انصاف صحت تعلیم اور حلال طریقہ سے روزگار ملے ۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان میاں محمد اسلم نے ملک سجاد احمد وینس کو جماعت میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آپ کو ہر شخص اپنے دل میں جگہ دے گا ،آپ کو گلے لگائے گا۔جماعت اسلامی پاکستان کی واحد جمہوری جماعت ہے ۔ یہ کوئی خاندانی جماعت نہیں۔ اس کے کسی عہدیدار اور کارکن پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں۔ سب سے بڑا خدمت کا نیٹ ورک اس وقت جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کا ہے ۔ اس کے کارکنوں نے اپنی جان کو ہتھیلی پر رکھا اور کورونا جیسی وبا میں عوام کی خدمت کی۔اس موقع پر ملک سجاد وینس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کے لیے اللہ تعالی نے ہمیں جو وسائل دیئے ہیںانہیں استعمال کرتے ہوئے اس زمین پر اللہ کے نظام کو نافذ کرنا ہے ۔ عمران خان نے کہاتھا کہ یکساں نظام تعلیم ہو گااور مدینہ کی اسلامی ریاست ہوگی لیکن آج افسوس ہوتا کہ عمران خان نے پوری قوم اور ملک کو دھوکہ دیا۔ کیا تھانہ میں انصاف ہے؟ کیا روزگار میسر ہے؟ کیا تعلیم کا نظام بہتر ہوا ہے؟ ہم کوئی بھیڑ بکریوں کی طرح نہیں کہ جو ہمیں جیسے ہانکتا ہوا لے جائے ہمیں سوچنا ہوگا کہ کہ روز قیامت ہم اللہ حضور کیا جواب دیں گے۔ اللہ نے مجھے شعور دیا میں ہوش اور ذمہ داری کے ساتھ اس فیصلہ پر پہنچا ہوں کہ جماعت اسلامی کے پاس جو منشور ہے وہ کسی کے پاس نہیں ۔میں تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر کے عہدے سے استعفادیتا ہوں اور جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کرتا ہوں