ڈیٹا جھوٹ نہیں بول رہا’ حقائق نظرانداز نہ کریں‘عالمی ادارہ صحت

262

جنیوا (آن لائن)عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر برائے ایمرجنسی ڈاکٹر مائیکل رائن نے حکومتوں پہ زور دیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ انہوں نے دنیا بھر کے لوگوں سے بھی کہا ہے کہ وہ یقین کریں کہ کوویڈ 19 کے حوالے سے موجود ڈیٹا جھوٹ نہیں بول رہا ہے، نہ ہی زمینی حقائق غلط بیانی کر رہے ہیں لہٰذا اسے نظرانداز نہ کریں۔ ڈائریکٹر ڈاکٹر مائیکل رائن نے صحافیوں سے بات چیت کے دوران دنیا کی مختلف حکومتوں پر زور دیا کہ وہ حقائق کا درست ادراک کریں اورمہلک وبا پر قابو پائیں۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ کئی ممالک کوویڈ 19 کے حوالے سے سامنے آنے والے ڈیٹا کو نظر انداز کررہے ہیں جو نہایت خطرناک ہے۔ڈاکٹر مائیکل رائن نے واضح طور پر کہا کہ ملکی معیشت کی بحالی کے حوالے سے اقدامات کا جواز بھی یکسر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا ہے لیکن ان کا استفسار تھا کہ کوویڈ 19 کو کیسے پس پشت ڈال سکتے ہیں؟انہوں نے صاف الفاظ میں کہا کہ کوویڈ 19 خود بخود کسی جادوئی طریقے سے ختم ہو جائے گا تو ایسا بالکل بھی نہیں ہے۔