اسرائیلی فوج کی مظاہرین پر آنسوگیس کی بارش‘ درجنوں زخمی

268

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقے ضم کرنے کے منصوبے کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیوں کے دوران فلسطینیوں نے امریکی و اسرائیلی پرچم اور صدر ٹرمپ و صہیونی وزیر اعظم کی تصاویر نذر آتش کردیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق جمعہ کے روز ہونے والے مظاہروں پر قابض فوج نے ہلہ بول دیا اور براہ راست فائرنگ کے ساتھ آنسو گیس کی بارش کردی، جس کے نتیجے میں کئی مظاہرین کو سانس کی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا جب کہ درجنوں ربڑ کی گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق فلسطینیوں اور صہیونی اہل کاروں کے درمیان جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب پرامن احتجاج کرنے والوں پر اچانک طاقت کا وحشیانہ استعمال شروع کیا گیا۔ دریں اثنا قابض فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں قلندیہ چوکی سے ایک فلسطینی نوجوان کو چاقو رکھنے کے الزام میں گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔