معیشت کے حوالے سے آج اچھی خبروں کا دن

629

کراچی: پاکستانی معیشت کے حوالے سے آج اچھی خبروں کا دن رہا، اسٹاک ایکسچینج، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا جبکہ  ڈالر اور سونے کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں رواں ہفتے کے دوران معاشی اعشاریوں میں بہتری اور چینی بینکوں سمیت عالمی اداروں کی جانب سے ملنے والی دو ارب ڈالر سے زائد امداد کے بعد ملکی معیشت کے حوالے سے اچھی خبریں آرہی ہیں۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق  گزشتہ  ہفتہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 1 ارب 27 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے،جس کے بعد زرمبادلہ کے ذخائر 17 ارب 97 کروڑڈالر ہوگئے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے ذخائر 11 ارب 23 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس 6 ارب 74 کروڑ ڈالر موجود ہیں ۔

دوسری جانب انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں ایک روپیہ 17 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر کی نئی قیمت 168.05 روپے سے کم ہو کر 166.88 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے، جبکہ  اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قدر 80 پیسےکم ہوکر 167.40 روپے ہوگئی۔

اس کے علاوہ سونے کی فی تولہ قیمت 600 روپے کم ہوکر 1 لاکھ 4 ہزار 600 روپے ہوگئی، جبکہ 10 گرام سونے کی قدر 514 روپے کم ہوکر 89678 روپےہوگئی ہے۔

اسٹاک ایکسچینج میں بھی آج مسلسل چوتھے روز تیزی کا رجحان رہا، 100 انڈیکس 88 پوائنٹس اضافے سے34 ہزار 978 پر بند ہوا۔