حکومت زرداری کو مارنا چاہتی ہے ، بلاول بھٹو

793
عمران خان نےریاست مدینہ کا نام استعمال کرکے ملک  تباہ کیا، بلاول

لاہور: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ حکومت زرداری کو مارنا چاہتی ہے ،  حکومت بہتری لانے کے بجائے معاملات مزید بگاڑ رہی ہے، کورونا ، حکومت ہر میدان میں مسائل پیدا کررہی ہے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے  کہاکہ عمران خان پورے ملک کے وزیر اعظم بننے کو تیار نہیں،عمران خان سوشل میڈیا کے وزیر اعظم بنے ہوئے ہیں، اس کٹھ پتلی کو وزیر اعظم ہاؤس سے کھینچ کر باہر پھینکنا ہوگا، معیشت اور دیگر شعبوں میں حکومت کی کوئی پالیسی نہیں۔

بلاول بھٹوکا کہنا تھا کہ عمران خان نے پہلا این آر او اپنی بہن علیمہ خان کو دیا،عمران نیازی کےپاکستان میں 270 ارب کی کرپشن ہوئی اس کاحساب دیں،شوگرکمیشن بھی ایک این آر او تھا جو بزدار ، ترین اور اسد عمر کو دیا گیا،حکومت کی ہر پالیسی میں این آر او ہے، آڈیٹرجنرل کی رپورٹ کے مطابق270 ارب روپے کی کرپشن ایک سال میں ہوئی۔

چیئر مین پی پی  نے کہاکہ حکومت پی آئی اے اور پاکستان اسٹیل کوبیچ کراپنےفرنٹ مینزکوفائدہ پہنچاناچاہتی ہے، تحریک انصاف کی حکومت این آئی سی وی ڈی کے مقابلے میں کسی اسپتال کانہ بتاسکی، مشرف کے2002کےاین آراوسےاستفادہ کرنیوالوں  میں عمران خان بھی شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ وفاقی حکومت کی ناکامی، پنجاب کے عوام کیوں اٹھائیں، وفاق کی طرف سے پنجاب کے ساتھ بھی ناانصافی ہورہی ہے، وفاقی حکومت کی ناکامی کا بوجھ بھی پنجاب اٹھارہا ہے، سندھ میں ہم نے مشکل صورتحال میں کامیابی حاصل کی۔

بلاول بھٹوکا کہنا تھا کہہم اس کٹھ پتلی حکومت کو مسلسل ٹف ٹائم دیتے رہیں گے، زرداری  صاحب کی طبیعت ٹھیک نہیں لیکن نیب چاہتا ہے کہ وہ پیش ہوں، خورشید شاہ بھی جیل میں ہیں، ان پر کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔

چیئرمین پی پی نے کہاکہ بجٹ پی ٹی آ ئی ایم ایف اور امیروں کا بجٹ ہے ، بجٹ سے نظر آرہا ہے تعلیم، صحت ،بےروزگاری ان کی ترجیح نہیں،وزیر اعظم نے صرف تاجروں، صنعت کاروں سے ملاقاتیں کی ہیں،عمران خان ہمارے سامنے آنے کوتیارنہیں، ہمیں ایک بالغ وزیراعظم کی ضرورت ہے جوپاکستان کے  مسائل کا سامنا کرسکے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کو احساس نہیں کہ کورونا کتنا سنجیدہ معاملہ ہے،وزیر ا عظم نے آج تک ڈاکٹرز طبی عملے سے ملاقات نہیں کی،پی ٹی آئی کی حکومت غریبوں کا نام لے کر امیروں کو فائدہ پہنچاتی ہے،جب پٹرول کی قیمتیں کم ہوئیں تب بھی عوام کو ریلیف نہیں دیا گیا،پٹرول بم گرا کر پاکستانیوں کی جیب پر ڈاکا ڈالا گیا ،بجٹ پاس ہونےسےقبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا غیر قانونی نوٹی فکیشن جاری کیا۔

بلاول کا کہنا تھا کہ حکومت نے شروع دن سے کورونا سے نمٹنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا،دعویٰ کیا جارہا ہے کہ کورونا کیسز اور ہلاکتیں کم ہورہی ہیں، یہ جھوٹ ہے۔