ترکی نے فرانسیسی جاسوس نیٹ ورک پکڑ لیا

874

ترکی کی سیکورٹی فورسز نے فرانس کیلئے کام کرنے والا جاسوسی کا نیٹ ورک پکڑلیا ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق فرانس کیلئے کام کرنے والے 4 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ،تمام افرادترک شہری ہیں اور ان میں ایک سابق فوجی بھی شامل  ہے،جو افغانستان میں نیٹو کےساتھ تعیناتی کے دوران فرانس  کا جاسوس بنا۔

سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ  ملزمان ترکی ڈائریکٹوریٹ آف مذہبی امور، مذہبی اداروں، گروپوں اور ان کے ملازمین کی جاسوسی کرتے تھے۔

اخبار ڈیلی صباح کا کہنا ہے کہ میتن ازدمیر جو سابق فوجی  ہے (ریٹائرمنٹ کے بعد فرانسیسی قونصل خانے میں سیکیورٹی گارڈ کی نوکری کرتا تھا) نے فرانس میں انٹیلی جنس ٹریننگ بھی حاصل کی تھی اور فرانس کیلئے جورجیا میں بھی کام کرتا رہا۔

اخبار کا کہنا ہے کہ ملزمان خود کو ترک خفیہ ایجنسی (ایم آئی ٹی) کے ملازم ظاہر کرتے تھے اور اس کےجعلی  آئی ڈی کارڈز بنوارکھے تھے، ملزمان  بتاتے تھے کہ وہ داعش اور اس جیسی دیگر دہشت گردتنظیموں کے بارے میں معلومات  جمع کررہا ہے۔

میتن ازدمیر نے سیکیورٹی حکام کودوران تفتیش بتایا کہ اس نے 120 افراد جن میں  امام مسجد بھی شامل ہیں کی تفصیلات فرانسیسی حکام کو دیں۔

اخبار کے مطابق اس سابق ترک فوجی ورجینیا اور سباستین کے کوڈ نام سے 2 فرانسیسی افسر ہینڈل کرتے تھے، بعد میں اس نے فرانسیسی انٹیلی جنس حکام کے کہنے پر اپنے جاسوسی نیٹ ورک میں مزید 3 افراد بلدیہ ملازم لطفی یلماز، ہوٹل کے مالک صلاح یگت اور موبائل تاجر فیصل تمباسی کو بھی شامل کرلیا تھا۔