جسٹس فائز عیسیٰ کیس:متحدہ اپوزیشن کا صدرمملکت  اوروزیر اعظم سے استعفی دینے کا مطالبہ

742

اسلام آباد: متحدہ اپوزیشن نےصدارتی ریفرنس کالعدم قرار دینے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ جھوٹ، بدنیتی پر مبنی ریفرنس بنانے پرصدرمملکت ،وزیر اعظم استعفا دیں۔

ن لیگ ، پی پی، اے این پی،جے یو آئی ف،جماعت اسلامی ،قومی وطن پارٹی،نیشنل پارٹی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ   حکومت نے جج کیخلاف بدنیتی پر مبنی بے بنیادریفرنس بناکر اعلیٰ عدلیہ کوبدنام کرنےکی کوشش کی۔

متحدہ اپوزیشن نے کہا کہ حکومت کی ناکامیوں کی طویل فہرست میں آج ایک اور اضافہ ہو گیا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے نے حکومتی بدنیتی بے نقاب کر دی ہے، حکومت کی جانب سے بے بنیادریفرنس بناکر اعلیٰ عدلیہ کوبدنام کرنےکی کوشش کی گئی، وکلا برادری نے ایک بارپھر ایک نازک موڑ پر تاریخی کردار ادا کیا ہے۔

متحدہ اپوزیشن کا مزید کہنا تھا کہ عدلیہ کے خلاف سازش ناکام اور عمران خان کی ذہنیت سامنے آگئی ہے،آج سچائی،ایمانداری، قانون و انصاف کی حکمرانی اور اتحاد کی جیت ہوئی ہے،پاکستان بار کونسل،صوبائی بارکونسلزکوشاندارکردار پرخراج تحسین پیش کرتےہیں۔

انہوں نے دستوروقانون کی حکمرانی کی حفاظت پر عدلیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ ریفرنس دراصل اعلیٰ عدلیہ کابازومروڑنے،دباؤ میں لانے کی مذموم کوشش تھی۔