کورونا مریضوں کا پلازمہ فروخت کیس‘ سیکرٹری ہیلتھ سے جواب طلب

204

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ نے کورونا کے مریضوں کا پلازمہ فروخت کے خلاف دائر درخواست پر پنجاب کے سیکرٹری پرائمری ہیلتھ اور سیکرٹری قانون سے جواب طلب کر لیااور کیس کی مزید سماعت 23 جون تک ملتوی کردی۔ عدالت کے روبرو درخواست گزار ایڈووکیٹ ارشد ورک نے موقف اختیار کیا کہ کرونا کے صحت یاب مریض کھلے عام پلازمہ فروخت کر رہے ہیں۔درخواست گزار نے کہا کہ پلازمہ کی فروخت قوانین کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ کورونا کے صحت یاب ہونے والے مریضوں کا پلازمہ فروخت کرنے پر پابندی عائد کی جائے۔علاوہ ازیں لاہور ہائیکورٹ نے بچوں سے اضافی فیس وصولی پر اسکولوں کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پرسیکرٹری اسکولز سے 20 فیصد فیسوں میں رعایت نہ دینے پر وضاحت طلب کر لی اور پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دے دی۔