حکومت نے کورونا کیخلاف جنگ میں ہتھیار ڈال دیے‘ شہباز شریف

108

لاہور(نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہے کہ بجٹ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ حکومت نے کورونا کے خلاف جنگ میں ہتھیار ڈال دیے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں غریبوں کے لیے کوئی ریلیف نہ ہونے اور سبسڈیز میں کٹوتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن نہ کرنے کی کنفیوژ پالیسی سے غیر موثر لاک ڈاؤن تک حکومت وبا کے پھیلاؤ کو روکنے میں ناکام رہی۔، بجٹ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ حکومت نے کورونا کے خلاف جنگ میں ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ این ڈی ایم اے کے لیے وسائل 25 ارب سے کم کرکے 5 ارب کردیے گئے ہیں۔ حکومت نے طے کرلیا ہے کہ عوام اور کورونا خود ہی ایک دوسرے سے نمٹ لیں۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس بڑی کمپنیوں کے لیے اربوں روپے تھے لیکن غریبوں کو دینے کے لیے کچھ نہیں۔ بجٹ میں حکومت نے کورونا سے لڑتے غریبوں کے لیے کوئی پیسا نہیں رکھا۔ حکومت نے مزدوروں کی مدد کی مد میں 75 ارب کے بجٹ میں کمی کردی ہے۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے سبسڈی 10 ارب سے کم کرکے آئندہ سال کے لیے صفر کردی گئی ہے۔ بجلی صارفین کی مدد کیلیے10 ارب روپے کی رقم بھی بجٹ میں صفر کردی گئی۔