ترقی کے عمل میں کورونا کو رکاوٹ نہیں بننے دینگے،عثمان بزدار

290

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا کی وجہ سے ترقی کا عمل متاثر نہیں ہونے دینگے، ترقیاتی بجٹ میں 5 ارب روپے کا اضافہ کیا۔ اٹک ، راولپنڈی ، جہلم اور دیگر شہروں کے ارکان صوبائی اسمبلی کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ساڑھے 11 ارب روپے کی لاگت سے نئے مدر اینڈ چائلڈ اسپتال قائم ہوں گے۔ 196 بنیادی مراکز صحت کے لیے ایک ارب مختص کیے ہیں، 16 شہروں میں 32 ارب روپے سے فراہمی و نکاسی آب ، واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اور دیگر منصوبے مکمل کریں گے۔ 23 ارب روپے کی لاگت سے بنیادی بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی کے لیے پنجاب میونسپل پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ شدید متاثرہ علاقوں کو سیل کیا جارہا ہے ،عوام کی زندگی کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کرتے رہیںگے۔ ملاقات میں اراکین اسمبلی کے حلقوں کے مسائل پر بات چیت کی۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری،صوبائی وزیر ملک اسد علی کھوکھر،ارکان اسمبلی میاں محمد فرخ، ممتازمانیکا،احمد شاہ گھگہ،محمد نعیم،سردار احمد علی خان دریشک اورمحمد اشرف خان رند، سید یاور عباس بخاری، راجہ صغیر احمد، چودھری محمد عدنان، عمر تنویر، اعجاز خان، ملک تیمور مسعود، راجہ یاور کمال خان، طاہر رندھاوا اور ظفر اقبال شامل تھے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ اینٹی کرپشن نے پنجاب بھر میں سرکاری اراضی پر قابض افراد کے خلاف کارروائی کرکے 6ماہ میںایک ارب40کروڑ روپے کی 1400کینال اراضی واگزار کرالی۔ اینٹی کرپشن کی ایپ پر6ماہ کے دوران 2809 شکایات موصول ہوئیں۔عثمان بزدار نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ ترجیح ہے ،قبضہ مافیا کی سرکوبی کے لیے آخری حد تک جائیںگے۔