لاہور میں کورونا سے متاثرہ علاقے 30جون تک سیل‘دفعہ 144 نافذ

225

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا‘ لاہور کی گلیاں، محلے، بلاکس اور سیکٹرز سمیت 61 مقامات سیل کر دیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے 21 علاقوں کی61 گلیاں، محلے اور بلاکس سیل کیے گئے ہیں۔ سیل کیے گئے علاقوں میں میڈیکل اسٹورز، جنرل اسٹورز، تندور، پیٹرول پمپس، لیبارٹریز، کلیکشن سینٹرز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔جن علاقوں کو ریڈ زون قرار دے کر بند کیا گیا‘ ان میں رام نگر کی اسلام اسٹریٹ، بلال پارک، اقرا سکول اسٹریٹ، رام نگر کی گلی نمبر 10، گلی نمبر 13، گلی نمبر 23، قلعہ گجر سنگھ کی عبدالکریم روڈ، عثمانیہ کالونی ، رائل پارک، کریم پارک کے بلاک نمبر 2،3،4 کے علاوہ امین پارک کی گلی نمبر 1، تاجپورہ کی گلی نمبر 4 اور نظام آباد ای بلاک کی گلی نمبر 1، تاجپورہ شاہ عالم کالونی کی گلی نمبر 2، علی محمد پارک کی گلی نمبر 3 ، گلبرگ اے میں ہی ندیم تکہ تا طارق کباڑیا تک کا علاقہ، گلبرگ بلاک بی 1، بلاک بی 2 اور بلاک بی 3 مکمل طور پر بند کیے گئے۔ پی سی ایس آئی آر فیز ٹو کا بلاک بی، ڈی ایچ اے فیز 1 اور فیز 5 کے تمام سیکٹرز، عسکری 10 مکمل، کیولری گراؤنڈ کے شیراز ولاز، گلستان کالونی کی گلی نمبر 5،8،9،11،13،15،26 اور 27 کے علاوہ دیگر علاقے بھی سیل کیے گئے ہیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب کے مطابق لاک ڈاؤن سے متاثر افراد کی مدد کے لیے ٹائیگر فورس کی خدمات لی گئی ہیں‘ 3000 پولیس اہلکار لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تعینات کردیے۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی ہے کہ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں شہریوں کو اشیا ضروریہ کی دستیابی اور طبی عملے تک رسائی کو یقینی بنایا جائے۔