پیراگون ہاؤسنگ ریفرنس‘ وعدہ معاف گواہ کی میڈیکل رپورٹ جمع

135

لاہور(نمائندہ جسارت)احتساب عدالت لاہور میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس میں نامزد (ن)لیگ کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے خلاف وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کی میڈیکل رپورٹ جمع کرادی گئی، عزیز بھٹی ٹاؤن کی انتظامیہ نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کا ریکارڈ پیش کر دیا، عدالت نے کیس کی سماعت 2 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے گواہان کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر لیا،احتساب عدالت کے جج جواد الا حسن نے کیس کی سماعت کی۔ بدھ کے روز مسلم لیگ ن کے رہنما ء و ر کن قومی اسمبلی خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی ایم پی اے خواجہ سلمان رفیق نے پیش ہوکر اپنی حاضری مکمل کرائی، خواجہ برادران کی استدعا پر عدالت نے ان کو کمرہ عدالت سے جانے کی جازت دے دی، عدالت خواجہ برادران کے خلاف گواہوں کے بیانات قلمبند کیے،عدالت میں گواہ ریاض حسین اور نذیر احمد کا بیان قلمبند کیاگیا ، 2 گواہوں کے بیانات پر جرح کی گئی،عدالت میں خواجہ سعد رفیق کیخلاف وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کی کورونا سے متعلق میڈیکل رپورٹ پیش کی گئی، عدالت نے کیس کی سماعت 2 جولائی تک ملتوی کردی۔خواجہ برادران پر پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی میں کروڑوں کرپشن کا الزام ہے۔