پیٹرول کی قلت پیدا کرنیوالوں کو جیل میں ڈالیں گے‘لاہور ہائیکورٹ

169

لاہور(نمائندہ جسارت)لاہور ہائیکورٹ نے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کے خلاف درخواست کی سماعت 30 جون تک ملتوی کر دی، عدالت نے متعلقہ افسران کو طلب کرتے ہوئے تمام فریقین سے بھی جواب طلب کر لیا،دوران سماعت عدالت نے قرار دیا کہ پیٹر ول کی قلت پیدا کرنیوالوں کیخلاف فوجداری مقدمات درج کرائیں گے اور ذمے داروں کو گرفتار کر کے جیل میں ڈالیں گے۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے درخواست گزار وکیل شبیر حسین کی درخواست پر سماعت کی،بدھ کے روز عدالتی سماعت پر سیکرٹری پیٹرولیم پیش ہوئے جبکہ چیئرپرسن اوگرا کی عدالت میں عدم پیشی پر چیف جسٹس قاسم خان نے شدید برہمی کا اظہار کیا ،سیکرٹری پیٹرولیم نے عدالت کو آگاہ کیا کہ یکم جون سے پیٹر ول کی قلت شروع ہوئی اور ہم اس معاملے کو مارچ سے دیکھ رہے تھے۔عدالت نے کہا کہ اس معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنا سکتے ہیں، جوڈیشل کمیشن رپورٹ کی روشنی میں کارروائی ہوگی۔