آرمی چیف اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

747

راولپنڈی:ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، بات چیت کے دوران پاکستان میں انسداد پولیو مہم پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ صحت عامہ کے حوالے سے پاک فوج بھر پور کردار ادا کر رہی ہے، ہیلتھ کیئر ورکرز انسداد پولیو مہم میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے باوجود آیندہ ہفتوں میں انسداد پولیو مہم شروع کی جائے گی، انسداد پولیو مہم کے ورکرز کورونا وبا سے نمٹنے میں بھی پیش پیش ہیں اور یہ پاک فوج کی قومی ذمے داری ہے۔

دوسری جانب بل گیٹس نے کہا کہ پاک فوج انسداد پولیو مہم کے لیے سیکیورٹی  اور مانیٹرنگ سے متعلق موثرکردارادا کررہی ہے۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی آئی ایس پی آر) میجر جنرل بابر افتخار کا مزید کہنا تھا کہ آرمی چیف اوربل گیٹس کا عالمی وبا کورونا وائرس کے خطرات پر تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ  کورونا سے متعلق آگاہی اور ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی گفتگو ہوئی۔