گیند پر تھوک نہ لگانے سے بولر روبوٹ بن جائیں گے، وسیم اکرم

347

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم گیند کو چمکانے کے لیے تھوک کے استعمال پر پابندی سے پریشان ہوگئے۔

آئی سی سی کی جانب سے کورونا خدشات کے پیش نظر قوانین میں تبدیلی سے متعلق ردعمل دیتے ہوئے لیجنڈ وسیم اکرم نے کہا کہ گیند پر تھوک نہ لگانے سے بولر روبوٹ جیسے بن جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کبھی سوچا نہیں تھا کہ اس طرح کی بھی پابندی لگ سکتی ہے، بچپن سے تھوک لگا کر گیند کو چمکاتے آئے ہیں، لیکن آئی سی سی کی پابندی کو تسلیم کرنا ہوگا۔

سابق کپتان نے گیند کو چمکانے کے لیے دیگر آزمودہ طریقوں کو بھی غیر مؤثر قرار دیا، انہوں نے کہا کہ پسینہ لگانے سے تو گیند بھاری ہو جائے گی جب کہ ویسلین لگا کر گیند کو چمکا سکتے ہیں مگر کتنی ویسلین لگائیں اس کی مقدار کا تعین ہونا چاہیے۔

آئی سی سی کے نئے رولز کے مطابق کووڈ ری پلیسمنٹ ٹیسٹ میچ کے دوران کسی بھی کھلاڑی میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں ہوگا۔بولرز کے گیند پر تھوک لگانے پر پابندی ہوگی اور ابتداء میں امپائرز کھلاڑی کو ایڈجسٹ ہونے میں مدد کیلئے نرمی کا مظاہرہ کریں گے تاہم بعد کے میچز میں اگر گیند پر تھوک لگایا تو وارننگ جاری ہوگی، دوسری وارننگ کے بعد5 رنز پنالٹی کے حریف ٹیم کو ملیں گے۔