آئل ریفائنری میں آگ سے6مزدور جاںبحق، 6لاپتاہیں،انتظامیہ

192

فیصل آباد(صباح نیوز/آئی این پی )ضلعی انتظامیہ نے جھنگ روڈ ٹھیکری والہ بائی پاس کے قریب آئل ریفائنری میں آگ کے واقعے میں6مزدوروںکے جل کرجاںبحق اور 5 سے 6مزدوروںکے لاپتا ہونے کی تصدیق کردی ہے ، واقعے کے وقت فیکٹری میں 13 سے 14 ورکرز موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈی او انڈسٹریز سے 24 گھنٹے کے اندر واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی تاہم ڈی او انڈسٹری تشویشناک حالت میں آئی سی یو میں زیر علاج ہیں اور ان کی غیر موجودگی میں قائمقام ڈی او انڈسٹریز نیڈپٹی کمشنر کو رپورٹ پیش کردی جس کے مطابق فیکٹری میں بوائلریا اسٹیم جنریٹر انسٹال نہ تھا۔ فیکٹری کی مین سپلائی سے آئل لیک ہوا جس کو مناسب درجہ حرارت ملنے پر آگ بھڑک اٹھی تاہم رات گئے آگ پر قابو پالیا گیا ۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب نے سا نحہ آئل ریفائنری میں آگ لگنے کے واقعہ کا نوٹس لے لیتے ہو ئے جانچ پڑتال کے لیے کمیٹی تشکیل دیکر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کر دیا،کمیٹی فیکٹری کی قانونی حیثیت ، آگ لگنے کی وجوہات ،ذمے داروں کا تعین ،متاثرین کے لیے مالی امداد اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی سفارشات 7 روز میں محکمہ لیبر وہیومن ریسورس کو پیش کرے گی ۔