آرمی چیف افغانستان پہنچ گئے، صدراشرف غنی سے ملاقات

430
کابل: افغان صدر اشرف غنی سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ملاقات کررہے ہیں، چھوٹی تصویر میں چیئرمین افغان ہائی پیس کونسل ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ محو گفتگو ہیں

کابل (صباح نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کے دورے کے دوران صدر اشرف غنی اور ہائی پیس کونسل کے سربراہ عبد اللہ عبد اللہ سے ملاقات کی ہے جن میں اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغان میڈیا کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ منگل کو ایک روزہ دورے پرافغانستان پہنچے‘ پاک فوج کے سپہ سالار کے دورے کے دوران ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی ہمراہ تھے جبکہ افغانستان کے لیے حال ہی میں تعینات ہونے والے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق بھی موجود تھے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان صدر اشرف غنی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور بارڈر مینجمنٹ سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل پر بھی گفتگو کی گئی۔ دریں اثنا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کابل میں ہائی پیس کونسل کے سربراہ عبد اللہ عبداللہ سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران خطے میں استحکام اور افغانستان میں امن کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ ملاقات کے دوران عبد اللہ عبد اللہ کا کہنا تھا کہ ہم جنرل قمر جاوید باجوہ کو کابل میں خوش آمدید کہتے ہیں‘ ملاقات میں کئی امور پر با معنی گفت و شنید ہوئی‘ افغان قیادت نے انٹرا افغان مذاکرات کے لیے ضروری اقدامات کیے ہیں‘ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستانی کی جانب سے ہماری کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا ہے‘ ہم باہمی معاملات پر طالبان سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے اسلام آباد میں ملاقات کی تھی جس میں خطے کی سیکورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔