کورونا کے حوالے سے جون خطرناک مہینہ ہے، فواد چودھری

149

فیصل آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ کورونا کے حوالے سے جون خطرناک مہینہ ہے، ڈنڈے سے لوگوں کو نہیں روک سکتے، مکمل لاک ڈاؤن سے شدید غذائی بحران پیدا ہوسکتا ہے۔ پیر کو میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ حکومت بار بار عوام سے اپیلیں کررہی ہے کہ کورونا ابھی ختم نہیں ہوا بلکہ یہ بتدریج نہ صرف پھیل رہا ہے بلکہ اس سے شرح اموات اور مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور جب تک کوئی ویکسین تیار نہیں ہوجاتی جس کی تیاری میں ابھی بہت وقت درکار ہے اس وقت تک اس کا کوئی علاج نہیں سوائے احتیاط کے مگر یہ امر باعث افسوس ہے کہ شہری کاروبار کے نام پر حکو مت کی تنبیہ پر کان دھرنے کو تیار نہیں جس کا نتیجہ کورونا کے پھیلائو کے سوا کچھ نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ جب تک قوم کو خود خیال نہیں ہوگا کوئی کیا کرسکتا ہے۔ سخت لاک ڈاؤن کے بجائے ہم سب کو ملکر لوگوں کوآگاہی دینی چاہیے۔ فواد چودھری نے کہا کہ نیب ایک ۱ٓزاد اور خود مختار ادارہ ہے مگر اس کے باوجود وہ نہیں چاہتے کہ سیاستدانوں کو جیلوں میں رکھا جائے لیکن جن لوگوں نے ناجائز ذرائع سے ملک و قوم کا پیسہ لوٹ کر بیرون ممالک منتقل کیا ہے انہیں چاہیے کہ وہ پیسہ واپس لاکر قومی خزانہ میں جمع کروائیں اور اپنی جان چھڑوائیں۔