ایران نے امریکی فوجی رہا کر دیا‘ ٹرمپ شکرگزار

343

تہران ؍ واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کی جانب سے ایرانی سائنس دان کی رہائی کے بعد تہران حکومت نے بھی گرفتار امریکی فوجی کو رہا کردیا۔ بحریہ کا اہل کار 2 سال سے ایران میں گرفتاری کے بعد قید تھا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق مائیکل وائٹ کو ایرانی رہبر اعلیٰ خامنہ ای کے خلاف سوشل میڈیا پر تنقید کے بعد حراست میں لیا گیا تھا اور کچھ عرصہ قبل کورونا مرض کا شکار ہونے کے بعد اس کا ایران ہی میں علاج جاری تھا۔ اس سے قبل امریکا کی جانب سے ایرانی سائنس دان سیروس عسکری کو رہا کرکے ایران بھیجا گیا، جسے اوہائیو کے تعلیمی دورے کے دوران امریکی راز چرانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ سیروس عسکری گزشتہ برس امریکی عدالت سے بری ہونے کے باوجود امیگریشن حکام کی تحویل میں تھا۔ حالیہ پیش رفت پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران نے ثابت کردیا کہ اہم تنازعات پر بات چیت ممکن ہے۔ انہوں نے ایران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوجی کی رہائی کے بعد ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ ممکن ہے۔ اسی سلسلے میں ایک سوشل میڈیا پیغام میں ٹرمپ نے لکھا کہ جب سے وہ صدر بنے ہیں، 40 سے زائد امریکی قیدیوں کو واپس لایا جا چکا ہے۔ دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا ہے کہ کسی خاص قیدی کا انتخاب ضروری نہیں، تمام قیدیوں کی رہائی ممکن ہے۔ اگر ایرانی قیدی رہا کیے جاتے ہیں تو امریکی قیدی بھی اپنے گھر لوٹ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی امریکا اور ایران نے ایک دوسرے کے قیدی رہا کیے تھے۔ امریکا کی جانب سے ایرانی سائنسدان اور ایران نے چینی نژاد امریکی شہری کو رہا کیا تھا۔