پنجاب حکومت کورونا سے متعلق جھوٹے اعداد و شمار پیش کررہی ہے، فرید پراچہ

145

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ پنجاب کے محکمہ صحت کی طرف سے لاہور میں 6،7 لاکھ کورونا مریضوں کی موجودگی کی رپورٹ منفی مقاصد کے لیے خوفناک اعدادو شمار جاری کرنے کی بدترین مثال ہے ۔ فرضی سروے اور ضرب در ضرب دے کر اعداد و شمار کو خوفناک بنانے سے عوام میں حکومتی بے بسی اور بے حسی کی تصویر پیش کرنے کے علاوہ کچھ حاصل نہیں ہوا ۔ پہلے ہی لوگ اسپتالوں اور حکومتی انتظامات سے مکمل مایوس اور خوفزدہ ہیں ۔ لوگ اسپتال جانے کو قبرستان جانے کے مترادف سمجھتے ہیں جبکہ کورونا مریض کو اچھوت بنا کر مزید خوف پیدا کردیا گیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت پنجاب نے اسرائیلی فورم سے سروے اور ریسرچ کرانے کی اطلاعات کے سلسلے میں کوئی وضاحت نہیں کی جس سے یہ سمجھا جاسکتاہے کہ دال میں کچھ کالا ضرور ہے ۔ ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاکہ حکومت پلازما عطیات کی مہم چلانے کی طرف توجہ دے اور اپنی توانائیاں جھوٹے اعدادو شمار پھیلانے میں صرف نہ کرے ۔