بھارت اور آسٹریلیا میں ایک دوسرے کے فوجی اڈے استعمال کرنے کا معاہدہ

519

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت اور آسٹریلیا نے ایک دوسرے کے فوجی اڈے استعمال کرنے سمیت 7 مختلف معاہدوں پر دستخط کردیے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق بھارتی وزیر اعظم اور ان کے آسٹریلوی ہم منصب اسکاٹ موریسن نے آن لائن کانفرنس کے دوران دفاعی تعاون کے سمجھوتے طے کیے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون اور مشقوں کے لیے مزید راہ ہموار کرے گی۔ آن لائن کانفرنس کے دوران بھارتی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یہ دونوں ملکوں کے درمیان شراکت داری ور بزنس کا نیا ماڈل ہے۔ معاہدے کینبرا اور نئی دہلی حکومتوں کے مابین سیکورٹی تعاون کا ایک حصہ ہیں تاکہ خطے میں چین کی اقتصادی ترقی اور فوجی توازن کو برقرار رکھا جا سکے۔ کانفرنس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورت حال، سائبر سیکورٹی اور تجارت بڑھانے کے اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔