ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ نیوزی لینڈ میں کرانے کی تجویز

451

میلبرن: سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز نے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ نیوزی لینڈ میں کرانے کی تجویز دے دی۔

تفصیلات کے مطابق سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا انعقاد آسٹریلیا کے بجائے نیوزی لینڈ میں ہوسکتا ہے کیونکہ اس ملک نے کرونا وائرس کو کنٹرول کیا ہے اور آہستہ آہستہ معمولات زندگی بحال ہورہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ میں پچھلے 12 دنوں میں کرونا وائرس کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا اور اس وقت صرف ایک ہی ملک نیوزی لینڈ ہے جہاں ورلڈ کپ کا انعقاد ممکن ہوسکتا ہے۔

ڈین جونز کا نے اس سال آسٹریلیا میں ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ ہونے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا میں بہت سی وجوہات کی بنا پر ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ نہیں ہونے والا ہے۔

واضح رہے کہ اگر رواں سال ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ ملتوی کردیا گیا تو یہ بی سی سی آئی کے لیے آئی پی ایل کے 13 ویں ایڈیشن کی میزبانی کے لیے راہ ہموار دے گا جو فی الحال ملتوی ہے۔

 یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈا آرڈرن کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ ہفتے نیوزی لینڈ میں نافذ العمل سماجی فاصلے سے متعلق تمام پابندیاں ختم کرسکتی ہیں اور ممکنہ طور پر ملکی بارڈرز بھی کھول دیے جائیں گے۔