پیٹرول کی عدم دستیابی، اوگرا پمپس مالکان کے خلاف متحرک

578

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے والےپمپس کے خلاف کارروائی کیلئے انتظامیہ سے رابطہ کرلیا۔

تفصیلات  کے مطابق اوگرا نے ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریز کو خطوط لکھ دیئے۔

اوگرا کی جانب سے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے پیٹرول پمپس کےخلاف قانونی کارروائی کی درخواست کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کے بعد یکم جون سے ملک بھر میں پیٹرول کی قلت ہے اور کراچی سمیت کئی شہروں میں بیشتر پیٹرول پمپس پر پیٹرول نہیں مل رہا جس پر اوگرا نے کچھ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیے ہیں۔