عوام کو لوٹنے والے ہر کارٹل کو توڑا جائے گا،عثمان بزدار

192

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں آٹے، چینی، گھی، پولٹری سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کے لیے ہرممکن انتظامی اقدامات اٹھانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی کو آٹے، چینی، گھی، پولٹری اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں نہیں بڑھانے دیں گے،عوام کو مقررہ کردہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ عوام کو لٹنے والے ہر کارٹل کو توڑا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد آٹے، چینی، گھی اور پولٹری کے نرخوں میں اضافہ قابل قبول نہیں، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عوام کو ریلیف دینے کے لیے اشیا ضروریہ کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیاد وں پر چیک کریں۔ پنجاب حکومت نے رواں سیزن کے دوران ریکارڈ گندم خریدی ہے اور پنجاب حکومت کے پاس گندم کے 43 لاکھ میٹرک ٹن اور چینی کے 18 لاکھ ٹن سے زاید ذخائر ہیں ،گنے کے کاشتکاروں کو 170 ارب روپے سے زاید کی ادائیگی یقینی بنائی جا چکی ہے۔ اجلاس میں سینئر وزیر عبدالعلیم خان، وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اربنائزیشن، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹریز خوراک، لائیوسٹاک، صنعت ، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔