پاکستان آزاد ہوگیا مگر آزادی اشرافیہ تک محدود رہی،خواجہ سعد رفیق

114

لاہور ( آ ن لائن ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تما م بحران کی ذمہ دار ہے ۔کارکردگی کے لفظ کا پی ٹی آئی حکومت میں کوئی نام نہیں۔المیہ یہ ہے کہ اپوزیشن اور حکومت اب تک کورونا وباء پر بھی ایک نہیں ہو سکے ۔ مشکلات ہمارے لیے نئی نہیں ہیں یہ وقت بھی گزر جائے گا ۔ منگل کو احتسا ب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کارکردگی کے لفظ کا پی ٹی آئی حکومت میں کوئی نام نہیں، آج ٹڈی دل آؤٹ آف کنٹرول ہوچکا ہے جسے این ڈی ایم اے کے ذمے ڈال دیا گیا، حکومت نے کورونا مریضوں کا ڈیٹا اکٹھا نہیں کیا۔ انہو ں نے کہا کہ المیہ ہے کہ اپوزیشن اور حکومت ابھی تک کورونا وباء پر ایک نہیں ہو سکے جس کے ہم سب ذمہ دار ہیں، آپ نے گردن اور گریبان سے دبوچا ہوا ہے، جس ملک میں قائد حزب اختلاف کو ہر وقت کٹہرے میں کھڑا کیا جائے وہاں کونسی جمہوریت ہے۔ اس جمہوریت نے ریاست پاکستان کو جنگل میں تبدیل کر دیا ہے، پاکستان میں بدقستمی سے جمہوریت نے وہ سفر طے نہیں کیا جو کیا جانا چاہیے تھا۔سعدرفیق کا کہنا تھا پاکستان میں 4 مارشل لاء آئے، پاکستان آزاد ہوگیا مگر آزادی صرف اشرافیہ تک رہی، عام آدمی تک نہیں پہنچی، شہباز شریف ان مشکلات سے نکل جائے گا۔