امریکی و اسرائیلی نسل پرستی کے خلاف سوشل میڈیا مہم شروع

397

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین میں اسرائیلی فوج اور امریکا میں ٹرمپ انتظامیہ کے ہاتھوں نسل پرستی کے واقعات کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم شروع ہوگئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق ٹوئٹر پر اسرائیلی ریاست کی نسل پرستی کے خلاف شروع کی گئی مہم فلسطینین لائیوز میٹر اور بلیک لائیوز میٹر کے ہیش ٹیگ سے ’فلسطینی فلوئیڈ‘ مہم شروع ہوگئی ہے۔ عالمی مہم میں فلسطینیوں پر جاری وحشیانہ جنگی جرائم اور نسل پرستانہ جرائم کو بے نقاب کیا جا رہا ہے۔ مہم میں شامل ہونے والے سماجی کارکنوں کا کہنا ہے کہ حال ہی میں اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں ذہنی معذور فلسطینی نوجوان کو بے رحمی سے شہید کیا، جب کی امریکا میں پولیس نے سیاہ فام شہری کو وحشیانہ پولیس گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قتل کیا۔ یہ دونوں جنگی جرائم ایک جیسے ہیں، تاہم عالمی سطح پر ان کا رد عمل قدرے مختلف ہے۔ دوسری جانب فلسطینی تحریک مزاحمت حماس نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد، نسل پرست، انتہا پسندی کے حامی اور جرائم کو آئینی شکل دینے والے ممالک ہیں۔ حماس کے ترجمام فوزی برہوم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی فوج دنیا بھر میں دہشت گردی کی مرتکب ہو رہی ہیں۔ بیت المقدس میں ایاد حلاق کی شہادت اور امریکا میں سیاہ فام جارج فلوئڈ کے قتل کا واقعہ دونوں حکومتوں کی سفاکیت، دہشت گردی اور نسل پرستی کا کھلا ثبوت ہے۔