شادی ہال کھولنے کی اجازت دی جائے‘ایسوسی ایشن کا مطالبہ

680

ملتان (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اتوار کے روز کیٹرزومیرج ہال ایسوسی ایشن ملتان کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی، اایسوسی ایشن کے صدر میاں نصرت نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کوبتایا کہ لاک ڈائون کے دوران میرج کلب سے وابستہ کاروبار والے بہت پریشان اور ان کے معاشی حالات انتہائی ناگفتہ ہیں۔ 90فیصد میرج ہال کرائے پر ہیں، کرائے اور ملازمین کی تنخواہیں کہاں سے ادا کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپنے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق میرج ہال کھولنے کی اجازت دے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مطالبات سننے کے بعد کہاکہ حکومت کو لوگوں کے مسائل کا پوری طرح سے ادراک ہے۔ یہ پابندیاں کورونا وائرس کے مریضوں اور اس سے ہونے والی اموات کے پیش نظر لگائی گئی ہیں۔ عوام ابھی تک اس وبا کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے۔ اور نہ ہی حکومتی ایس او پیز پر عمل کررہے ہیں جس کی وجہ سے ہر روز کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اگر یہ حالات رہے تو حکومت کو لاک ڈائون مزید سخت کرنا پڑے گا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وفد کو یقین دلایا اگر آپ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہیں تو میں آج اسلام آباد میں ہونے والے نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں آپ کے مسائل اجاگر کرونگا۔ امید ہے آپ کے جائز مطالبات کی شنوائی ہوگی۔اس موقع پر جنرل سیکرٹری کاشف ظفر ‘ سرپرست اعلیٰ طارق محبوب ‘ جمیل احمد و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔