پارلیمانی جمہوریت کے تحفظ کیلیے قبل ازوقت انتخابات ناگزیر ہیں‘ لیاقت بلوچ

166
ملاکنڈ: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ جماعت اسلامی ملاکنڈ ڈویژن میں سیاسی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ بااختیار بلدیاتی نظام اور نئے عوامی مینڈیٹ کے لیے قبل از وقت انتخابات ہی پارلیمانی جمہوریت کا تحفظ ہے، جماعت اسلامی نوجوانوں کو بلدیاتی اور عام انتخابات میں خاص اہمیت دے گی،نوجوانوں کو ہی نام نہاد الیکٹ ایبلز کا شیطانی شکنجہ توڑناہے ۔ عمران خان نے احتساب پر انتقام کا غلاف چڑھا کر کرپٹ مافیا کو تحفظ دیاہے ، احتساب اور حکومتی اختیارات سے بالاتر دعوے حقیقت میں نظام احتساب اور عدلیہ کو بے وقار کر رہے ہیں ۔ عوام پاناما لیکس کے کرداروں ، آٹا چینی ، انرجی اور منی لانڈرنگ مافیا کو قانون کی گرفت میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے ۔ اقتصادی بحران خوفناک شکل اختیار کر چکاہے لیکن حکومت کے پاس قومی اقتصادی بحران سے نکلنے کا کوئی عملی منصوبہ نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جے آئی یوتھ کے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے ہر طرح کی نعمتوں سے مالامال کیا ہے لیکن فوجی آمریتوں ، اسٹیٹس کو کے غلاموں اور اسٹیبلشمنٹ کی کٹھ پتلیوں نے ہر دور کے نوجوانوں کے مستقبل کو تاریک کیاہے ۔ جے آئی یوتھ کے نوجوان آگے بڑھیں اور نوجوان نسل کی رہنمائی کریں ۔ انہوںنے کہاکہ تقویٰ ، دلیری اور جرأت صالح نوجوانوں کا امتیاز ہے ۔ سماج میں نفرتوں ، ظلم و جبر کا راج ہے ۔ انہوںنے کہاکہ نوجوانوں کو جرأت و استقامت سے تباہی و بربادی کے جھاڑ جھنکار کو صاف کرناہے حالات کے جبر سے ڈر کر جو پیچھے ہٹ جائے وہ کبھی آگے نہیں بڑھ سکتا ۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے کھاریاں میں الخدمت فائونڈیشن کے صدر عبدالشکور کے بہنوئی کے انتقال پر تعزیت اور لاہور میں ریاض احمد سائونڈ والے کی بیٹی کی تقریب نکاح میں شرکت کی اور خطبہ نکاح دیا ۔